حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا سید محمد سعید نقوی نے مرجعِ عالی قدر جہانِ تشیع، شیخ الفقہاء والمجتہدین حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی علیہ الرحمۃ والرضوان کے سانحۂ ارتحال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ان کی رحلت سے دنیائے علم و حکمت ایک عظیم المرتبت فقیہ، محدث، مفکر اور مجتہد جامع الشرائط سے محروم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت سے علوم و معارف کا وہ روشن باب بند ہو گیا، جس کی ضیا پاشیوں نے دہائیوں تک تشنگانِ علوم آلِ محمدؐ کے قلوب و اذہان کو منور رکھا۔ ان کی مجالسِ درس محض علمی مباحث و مذاکرات تک محدود نہیں تھیں، بلکہ علم و عمل، زہد و تقویٰ اور ادب و معرفت کی ایسی تربیت گاہیں تھیں، جہاں ہزاروں فضلا اور محققین نے تربیت پائی۔
مولانا سید محمد سعید نقوی نے مزید کہا کہ اس عظیم فقیہ نے اپنی پوری زندگی درس و تدریس، تعلیم و تربیت، تحقیق و تدقیق، تحفظِ شعائرِ الٰہی اور حقِ رسولؐ و آلِ رسولؐ کے غیر متزلزل دفاع میں گزاری۔ انہوں نے نہایت صلابت و استقامت، علمی وقار و متانت اور مبرہن استدلال کے ساتھ دینی و ولائی اقدار کی پاسبانی اور ترجمانی کی۔ خدا داد بصیرت کو بروئے کار لاتے ہوئے ابطالِ باطل اور احقاقِ حق کے مقصد سے عزائے فاطمیہ کو ایک عالمگیر تحریک کی صورت میں پیش کیا اور یہ عظیم و واجب کارنامہ انجام دیا، جس کے نتائج و اثرات کسی سے پوشیدہ نہیں، بلکہ روز بروز ان میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و فقہی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فقہ و اصول کی باریکیوں پر ان کی غیر معمولی گرفت، دیرینہ حوزوی اقدار کی پاسداری، بیان کی شگفتگی، قرآن و اہلِ بیتؑ سے والہانہ وابستگی، ژرف نگاہی، علمی و منطقی استدلال اور خدمتِ دین و ملت کا غیر اشتہاری جذبہ وہ امتیازی خصوصیات ہیں، جو انہیں عصرِ حاضر میں منفرد و ممتاز بناتی ہیں۔
تعزیتی پیغام کے اختتام پر انہوں نے حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، حوزاتِ علمیہ کے اساتذہ و تلامذہ، مراجعِ کرام، علمائے اعلام، مرحوم کے پسماندگان و شاگردان اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ان کے تمام عقیدت مندوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی اور بارگاہِ رب العزت میں دعا کی کہ وہ اس مردِ حق کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے، انہیں جناب سیدہؑ کا مہمان قرار دے اور ان کے علمی فیوضات کو تا قیامت جاری و ساری رکھے۔











آپ کا تبصرہ